محکمہ بلدیات:میرپورخاص شہر کیلئے 2 جدید اسنارکل فراہم
ہنگامی صورت حال، آتشزدگی واقعات سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گیبڑھتی آبادی کے باعث فائر بریگیڈ کو ہنگامی صورتحال میں مشکلات کا سامنا تھا
میرپورخاص (بیورورپورٹ) میئر عبدالرؤف غوری کی درخواست پر محکمہ بلدیات سندھ نے میرپورخاص شہر کے لیے دو جدید اسنارکل فائر بریگیڈ گاڑیاں فراہم کردی ہیں، جنہیں میئر عبدالرؤف غوری کے حوالے کردیا گیا۔ اس موقع پر میئر نے محکمہ بلدیات سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید گاڑیوں کی فراہمی سے شہر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال خصوصاً آتشزدگی کے واقعات سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کی بڑھتی ہوئی آبادی، گنجان آباد علاقوں اور بلند و بالا پلازوں کی تعمیر کے باعث فائر بریگیڈ کو ہنگامی صورتحال میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ اس صورتحال کے پیش نظر میئر عبدالرؤف غوری نے محکمہ بلدیات سندھ سے رابطہ کرکے میرپورخاص کے لیے جدید اسنارکل فائر بریگیڈ گاڑیاں فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ میئر کی درخواست پر محکمہ بلدیات سندھ نے گزشتہ روز دو جدید اسنارکل فائر بریگیڈ گاڑیاں میرپورخاص کے حوالے کردیں ۔ جدید گاڑیاں بلند عمارتوں اور پلازوں میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ریسکیو کارروائیوں میں بھی معاون ثابت ہوں گی ۔ شہریوں، سماجی اور سیاسی حلقوں نے میرپورخاص کے لیے جدید فائر بریگیڈ گاڑیوں کی فراہمی کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے میئر عبدالرؤف غوری کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments