روہڑی:بااثر افراد کی قبرستان اراضی پر مبینہ قبضے کی کوشش

روہڑی:بااثر افراد کی قبرستان اراضی پر مبینہ قبضے کی کوشش

کھدائی، مٹی اٹھانے سے قبروں کی بے حرمتی، قبرستان کی اراضی کو نقصان پہنچ رہا جنازہ گاہ پر بھی قبضہ ہوگیا، کمشنر سکھر و دیگر حکام نوٹس لے کر کارروائی کریں، مکین

روہڑی (نمائندہ دنیا) تعلقہ روہڑی کے علاقے بڑی پٹنی میں قدیم اور تاریخی قبرستان کی اراضی پر مبینہ قبضے اور قبریں کھود کر مٹی اٹھانے کے معاملے نے علاقہ مکینوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پیدا کر دیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق قبرستان کی اراضی کے ایک حصے میں مبینہ طور پر کھدائی کرکے ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے مٹی منتقل کی جا رہی ہے ،قبرستان میں ان کے آباو اجداد اور بزرگ دفن ہیں، کھدائی اور مٹی اٹھانے سے قبروں کی بے حرمتی اور تاریخی قبرستان کی اراضی کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ قبرستان کے ساتھ موجود جنازہ گاہ پر بھی مبینہ قبضے کے باعث اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،مناسب جگہ نہ ہونے کے باعث بعض اوقات سڑک کنارے گندے نالے کے قریب نماز جنازہ ادا کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے ۔ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ بااثر افراد کی جانب سے قبرستان کی زمین پر مبینہ قبضے کی کوشش کے باعث قبروں کی حرمت متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبرستان کی موجودہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور مبینہ طور پر مٹی اٹھانے اور کھدائی کا سلسلہ بند کرایا جائے ۔علاقہ مکینوں نے کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ بڑی پٹنی کے قدیم قبرستان کی سرکاری حدبندی، ریونیو ریکارڈ اور موقع کی مکمل جانچ پڑتال کرائی جائے ، قبرستان کی اراضی کو مبینہ قبضے سے واگزار کرایا جائے ، جنازہ گاہ کو بحال کیا جائے اور تحقیقات کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...