غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

 غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ایف آئی اے امیگریشن کی ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات جانے والے دو مسافروں کے خلاف کارروائی ، مجموعی طور پر 55,100 امریکی ڈالر برآمد باسط نوا یر نے رقم دبئی میں موجود منصورنامی شخص تک پہنچانے کے لیے دی تھی،ملزم محمد عابد ،دونوںمسافر ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کے حوالے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے امیگریشن، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی نے متحدہ عرب امارات جانے والے دو مسافروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 55,100 امریکی ڈالر برآمد کیے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران سامنے آنے والی معلومات کے مطابق مذکورہ رقم مبینہ طور پر غیر رسمی اور غیر مجاز ذرائع سے پاکستان سے متحدہ عرب امارات منتقل کی جا رہی تھی۔دونوں مسافر، محمد عابد اور باسط نوا یر، درست پاکستانی پاسپورٹ اور متحدہ عرب امارات کے ویزوں پر سفر کر رہے تھے ۔ امیگریشن کے دوران دونوں مسافروں کو مزید تصدیق اور پروفائلنگ کے لیے متعلقہ افسران کے سامنے پیش کیا گیا۔دورانِ پوچھ گچھ محمد عابد نے بتایا کہ اس کے قبضے میں 5,000 امریکی ڈالر موجود ہیں، تاہم وہ مذکورہ غیر ملکی کرنسی کی خریداری سے متعلق مطلوبہ ایکسچینج رسید پیش نہ کر سکا۔ اس نے مزید بتایا کہ یہ رقم اسے باسط نوا یر نے فراہم کی تھی۔بعد ازاں باسط نوا یر کو بورڈنگ گیٹ سے طلب کرکے پوچھ گچھ کی گئی۔ وہ بھی غیر ملکی کرنسی کی خریداری سے متعلق متعلقہ ایکسچینج رسید پیش نہ کر سکا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 15,100 امریکی ڈالر جبکہ محمد عابد کے قبضے سے 5,000 امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔

محمد عابد نے بیان دیا کہ باسط نوا یر نے اسے یہ رقم دبئی میں موجود ایک شخص، جس کا نام منصور بتایا گیا، تک پہنچانے کے لیے دی تھی۔تفتیش کے دوران باسط نوا یر نے مزید انکشاف کیا کہ اسے مختلف افراد، جن میں عاطف اور احسن شامل ہیں اور جنہیں اس نے سبکون کیمیکل کراچی سے وابستہ قرار دیا، کی جانب سے مبینہ طور پر تقریباً 200,000 امریکی ڈالر موصول ہوئے تھے ۔ اس کے مطابق یہ رقم مبینہ طور پر منصور کی ہدایات پر فراہم کی گئی تھی۔باسط نوا یر کے بیان کے مطابق، مذکورہ رقم میں سے تقریباً 5,000 امریکی ڈالر پہلے احسن کے ذریعے دبئی میں منصور کو دیے گئے ، جبکہ تقریباً 30,000 امریکی ڈالر باسط نوا یر اور سلطان کے ذریعے منتقل کیے گئے ۔ اس نے مزید بتایا کہ تقریباً 40,000 امریکی ڈالر ایک شخص زین کو فراہم کیے گئے ، جسے اس نے پاکستان کسٹمز کا ملازم قرار دیا، جبکہ تقریباً 50,000 امریکی ڈالر مبینہ طور پر نبیل نامی شخص کو دیے گئے ۔ دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کے حوالے کیا گیا۔علاوہ ازیں، باسط نوا یر کی رہائش گاہ سے مزید 30,000 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے۔ اس طرح اب تک اس کیس میں مجموعی طور پر 55,100 امریکی ڈالر برآمد کیے جا چکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...