میرپورخاص :سابق شوہر پر تیزاب گردی واقعہ کا ڈراپ سین
سیٹلائٹ پولیس نے سابق بیوی گرفتار کرلی، سہیل کی دوسری شادی طے ہوچکی تھی کائنات ملک اور اس کی والدہ پروین نے گھر بلا کر مبینہ طور پر تیزاب پھینکا، پولیس
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) میرپورخاص میں سابق شوہر پر تیزاب پھینکے جانے کے واقعہ کاڈراپ سین ہوگیا۔ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث خاتون کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق بھان سنگ آباد کی رہائشی کائنات ملک کو گھریلو تنازع کے باعث اس کے سابق شوہر سہیل میئو نے طلاق دے دی تھی جبکہ سہیل میئو کی دوسری شادی طے ہوچکی تھی اور شادی کی تیاریاں جاری تھیں۔ پولیس کے مطابق مقدمے کے مدعی محمد شعیب میئو نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ 4 اکتوبر 2026 کو وہ اپنے بھائی سہیل میئو کے ہمراہ شادی کے دعوت نامے تقسیم کرنے جا رہے تھے کہ کائنات ملک نے سہیل میئو کو فون کرکے اپنے گھر بلایا ۔ سہیل میئو کے گھر پہنچنے پر کائنات ملک اور اس کی والدہ پروین نے مبینہ طور پر اس پر تیزاب پھینک دیا ، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا ۔ واقعہ کے بعد اہل خانہ نے زخمی سہیل میئو کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ پولیس کو بھی واقعہ کی اطلاع دی گئی ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کائنات ملک کو گرفتار کرلیا اور اس کیخلاف تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن کے سپرد کردی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments