جے پی ایم سی میں بریسٹ کینسر آگاہی واک کاانعقاد
مقصد سرطان سے متعلق خواتین میں شعور اجاگرکرنا اور علاج میں بہتری لانا سرطان کے خلاف مؤثر جدوجہد کیلئے آگاہی، بروقت تشخیص ناگزیر، ماہرین
کراچی (سٹی ڈیسک)جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے واک اور سائنسی سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور اجاگر کرنا، بروقت تشخیص کی اہمیت کو فروغ دینا اور مریضوں کے علاج میں بہتری لانا تھا، اس موقع پر منعقدہ سائنسی سمپوزیم کا موضوع بریسٹ کینسر کے پیچیدہ طبی معاملات، مقررہ رہنما اصولوں سے آگے کلینیکل فیصلے تھا، جس میں طبی ماہرین نے چھاتی کے سرطان کی تشخیص اور علاج سے متعلق پیچیدہ طبی صورتِ حال، جدید طبی معلومات اور مریضوں کی انفرادی ضروریات کے مطابق علاج کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، آگاہی واک کے ذریعے خواتین اور عام شہریوں کو چھاتی کے سرطان کی ممکنہ علامات، بروقت طبی معائنے اور ابتدائی تشخیص کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے مریضوں کے علاج کے نتائج بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے ، سمپوزیم میں شواہد پر مبنی طبی فیصلوں، مختلف شعبوں کے ماہرین کے باہمی تعاون اور مسلسل طبی تعلیم کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ تقریب کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ چھاتی کے سرطان کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے آگاہی، بروقت تشخیص، معیاری علاج اور مریضوں کی جذباتی معاونت ناگزیر ہیں۔ جے پی ایم سی میں اس اقدام کا مقصد معاشرے میں چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور کو فروغ دینا اور اس مرض سے متاثرہ خواتین کی بہتر رہنمائی کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments