صنعتکار انسدادجرائم کیلئے پولیس سے تعاون کیلئے پرعزم
شاہین فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنیکا خیرمقدم، مانیٹرنگ بہتر ہوگیامن ہو گا تو صنعت چلے گی،برآمدات بڑھیں گی ، صدرسائٹ عبدالہادی
کراچی (سٹی ڈیسک)سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکاروں نے صنعتی زون میں امن و امان کی بہتری اور جرائم کی روک تھام کیلئے محکمہ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا اور شاہین فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کے جوانوں کو بلٹ پروف جیکٹس، پٹرولنگ کیلئے موٹر سائیکلیں اور جدید حفاظتی و یونیفارم کِٹ فراہم کرنے کے اقدامات کو امن و امان کے دیرپا قیام کیلئے انتہائی اہم قرار دیا جس سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی ۔ سائٹ کے صدر عبدالہادی نے ایڈیشنل آئی جی ، ڈی آئی جی ساؤتھ اور ایس ایس پی کیماڑی کی جانب سے امن و امان کی بہتری کیلئے شاہین فورس جیسے اہم اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں میں جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس اور صنعتکاروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
سائٹ میں قائم سائٹ مانیٹرنگ سیل بھی جرائم کی روک تھام،مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کے حوالے سے پولیس کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ تعاون سائٹ صنعتی علاقے میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔عبدالہادی کا کہنا تھا کہ صنعتوں کی بلا تعطل پیداواری سرگرمیوں کے لیے پُرامن اور سازگار ماحول بنیادی اہمیت رکھتا ہے ۔ صنعتی سرگرمیوں کا تسلسل نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گا بلکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو فروغ ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments