آٹا بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ،شاداب رضا

 آٹا بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ،شاداب رضا

ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے غربت سے تنگ آکر پانچ افراد کی خودکشی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے

کراچی(این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ملک میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جبکہ کراچی میں آٹے کی مہنگے داموں فروخت تشویشناک ہے ، حکومت ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ، مزدوروں، کسانوں، دیہاڑی داروں اور کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام مشکل ہوتا جا رہا ہے ، آٹا ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے ، لیکن قیمتوں میں اضافے کے باعث یہ عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتا جا رہا ہے ۔شاداب رضا نے گلشنِ حدید میں غربت سے تنگ آکر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی خودکشی کے افسوسناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتِ حال حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

عوام سنگین معاشی مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ حکومتی نمائندے معاشی ترقی اور استحکام کے دعوے کر رہے ہیں، اگر معیشت ترقی کر رہی ہے تو اس کے ثمرات عام آدمی تک کیوں نہیں پہنچ رہے ؟انہوں نے کہا کہ ملک میں کبھی چینی، کبھی پٹرولیم مصنوعات اور کبھی آٹے کا بحران پیدا ہونا حکومتی پالیسیوں، نگرانی اور انتظامی اقدامات پر سوالات اٹھاتا ہے ۔ حکومت واضح کرے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی ۔سربراہ پاکستان سنی تحریک نے مطالبہ کیا کہ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے ، گندم کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے ، ذخیرہ اندوزی روکنے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...