سانحہ کارساز اور راولپنڈی ایک ہی سازش کا حصہ ، سعید غنی
دونوں واقعات میں محترمہ بے نظیر بھٹو کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئیسینیٹروقارمہدی کے ہمراہ اعظم بستی قبرستان میں شہداء کی قبروں پر حاضری
کراچی(این این آئی)وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز اور سانحہ راولپنڈی ایک ہی سلسلے کی کڑیاں تھے اور دونوں واقعات میں محترمہ بے نظیر بھٹو کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایت ہے کہ شہداء کو ہمیشہ یاد رکھا جائے اور ان کے اہل خانہ سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے ۔اتوار کو سعید غنی نے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اعظم بستی قبرستان میں سانحہ کارساز کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس قبرستان میں سانحے کے سات شہداء مدفون ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سانحہ کارساز میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تر نوجوان تھے ، جن کی عمریں تقریباً 25 سال تک تھیں۔18 اکتوبر اور 27 دسمبر کے واقعات میں بھی ایک جیسے کردار ملوث تھے ۔ ان کے بقول دونوں سانحات کے بعد جائے وقوعہ کو دھو دیا گیا، جس سے اہم شواہد ضائع ہوئے اور تحقیقات متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملوں میں حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے جائے وقوعہ سے شواہد کا حصول انتہائی اہم ہوتا ہے ۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آنے کے بعد دونوں سانحات کی تحقیقات کرائی گئیں اور اسکاٹ لینڈ اور اقوام متحدہ کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا۔ ان کے مطابق متعدد مبینہ ملوث افراد کے نام عدالتوں میں پیش کیے گئے ، تاہم ملزمان کو سزائیں نہ ملنے پر افسوس ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments