پی پی اورایم کیوایم مسائل کے حل میں ناکام،منعم ظفر
اختیارات پر قابض پیپلزپارٹی نے بنیادی سہولتوں سے محروم کردیا تعمیر و ترقی کا کام صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے ،پارک کاافتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح کے تحت امیرجماعت اسلامی ضلع قائدین انجینئر عبدالعزیز،ٹاؤن چیئرمین جناح رضوان عبد السمیع،چیئرمین یوسی 11 نعمان حمید،وائس چیئرمین علیم الدین کے ہمراہ خداداد کالونی، برنی آٹوز کے قریب غلام حسین پارک کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے پودا بھی لگایا۔منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ،شہر کی تعمیر و ترقی کا کام صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے ، اگلا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ امانت و دیانت کو اپنا شعار بنایا ہے اور دستیاب وسائل سے بڑھ کر عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔
22 اکتوبر کو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن جامعہ کراچی کے طلبہ کو 8بسوں کا تحفہ دیں گے ۔ یہ اقدام طلبہ کو سفری سہولت فراہم کرنے کی ایک کاوش ہے ۔کراچی کے وسائل اور اختیارات پر قابض پیپلزپارٹی نے شہریوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کردیا۔ کراچی صوبے کو 96 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے ، لیکن شہر میں کچرا اٹھانے کا اختیار بھی ٹاؤنز اور یونین کمیٹیوں کے پاس نہیں۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے یہ اختیار اپنے پاس رکھا ہوا ہے ، جبکہ کچرا اٹھانے کے نام پر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود شہر میں صفائی کی صورت حال بہتر نہیں ہوسکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments