بھیرہ تقسیم نہیں، تعمیر کے عنوان سے کمیونٹی ڈائیلاگ ورکشاپ
بھیرہ تقسیم نہیں، تعمیر کے عنوان سے کمیونٹی ڈائیلاگ ورکشاپبرداشت، باہمی احترام، مکالمے اور صلح کی روایت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور
بھیرہ (نامہ نگار)عالمی پروگرام بیونڈ ڈویژن 2026 کے تحت ‘‘تقسیم نہیں، تعمیر’’ کے عنوان سے بھیرہ پریس کلب (رجسٹرڈ) میں کمیونٹی ڈائیلاگ ورکشاپ منعقد ہوئی، جس کا مقصد معاشرے میں مکالمے ، ثالثی اور تنازعات کے پُرامن حل کی روایت کو فروغ دینا تھا۔ یہ ورکشاپ سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں قائم ادارے انسٹیٹیوٹ فار گلوبل نیگوشی ایشن (IGN) کے عالمی پروگرام کا حصہ تھی۔ورکشاپ کی میزبانی اور سہولت کاری ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور برطانیہ سے سند یافتہ ثالث عروج فاطمہ گوندل نے اپنی تنظیم پریواو ویمنز رائٹس سینٹر (PREVAW) بھیرہ اور بھیرہ پریس کلب (رجسٹرڈ) کے اشتراک سے کی۔
ورکشاپ میں ڈی ایس پی بھیرہ شہزاد منصور، ناہیدہ محبوب الٰہی فاؤنڈیشن کے چیئرمین خواجہ زاہد نسیم ایڈووکیٹ، بھیرہ پریس کلب کے صدر شاہین فاروقی، تحصیل بار بھیرہ کے صدر مہر حبیب نواز وینس ایڈووکیٹ، بار کے بانی مہر محمد نواز ایڈووکیٹ، سابق صدور محمد شاہد القمر بھٹی ایڈووکیٹ، چوہدری محمد انور بولا ایڈووکیٹ اور رانا فیصل شہزاد ایڈووکیٹ، نائب صدور انعم رحیم گوندل ایڈووکیٹ اور روبینہ تبسم رانا ایڈووکیٹ سمیت الطاف حسین قریشی ایڈووکیٹ، محمد علی حسنین ایڈووکیٹ، محمد ابوبکر ایڈووکیٹ، کرنل (ر) زاہد ممتاز، سول سوسائٹی کے نمائندوں، مقامی ثالثین، طلبہ اور خواتین نے شرکت کی۔
اس موقع پر سہولت کار عروج فاطمہ گوندل نے قرآن مجید کی آیت ‘‘وَالصُّلْحُ خَیْرٌ’’ (اور صلح بہتر ہے ) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صلح اور مفاہمت ہمارے دین کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہیں۔ بھیرہ کے بزرگ صدیوں سے پنچایت اور برادری کے نظام کے ذریعے تنازعات حل کرنے اور باہمی اتفاق و اتحاد کو فروغ دینے کی روایت پر عمل پیرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکالمے اور ثالثی کے ذریعے اختلافات کو دشمنی میں تبدیل ہونے سے روکا جا سکتا ہے ۔ورکشاپ کے دوران شرکاء کو تنازعات کے حل کے چار طریقوں، براہِ راست بات چیت، ثالثی، تحکیم اور عدالتی کارروائی، کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ فریقین کے مؤقف اور حقیقی مفادات کے درمیان فرق کو سمجھنے اور اختلافات کا قابلِ قبول حل تلاش کرنے کے طریقوں پر بھی تربیت دی گئی۔شرکاء کو بتایا گیا کہ 24 اکتوبر کو منعقد ہونے والے ‘‘بیونڈ ڈویژن’’ کے عالمی فورم میں دنیا بھر کے مختلف شہروں کے ساتھ بھیرہ کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے معاشرے میں برداشت، باہمی احترام، مکالمے اور صلح کی روایت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے عروج فاطمہ گوندل اور بھیرہ پریس کلب کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments