حادثات میں بروقت طبی امداد قیمتی جانیں بچا سکتی ، آئی جی
ہنگامی حالات میں پولیس اور اسپتالوں کے درمیان موثر رابطہ ضروری پولیس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جائے ، جاوید عالم
کراچی (این این آئی) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ حادثات سے بچاؤ اور ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے عوامی آگاہی، بروقت اقدامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون ناگزیر ہے ۔ حادثے کے بعد ابتدائی چند لمحات انتہائی اہم ہوتے ہیں اور درست طریقے سے فراہم کی جانے والی ابتدائی طبی امداد زخمیوں کی جان بچانے اور ان کی حالت مزید بگڑنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے ۔وہ عالمی یومِ ٹراما 2026ء کے موقع پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما کی جانب سے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، ایس ایم بی بی آئی ٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد صابر میمن، ڈاؤ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر سعید قریشی، سینئر صحافی جبار خٹک، ڈاکٹر بینش اور دیگر سیاسی، سماجی اور طبی شخصیات شریک ہوئیں۔جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اگر اسپتالوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے تو وہ زخمیوں کو بروقت اور بہتر معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ ہنگامی حالات میں پولیس اور طبی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں سے استفادہ کیا ہے ۔ ٹریکس نظام کے نفاذ سے ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے اور حادثات میں کمی لانے میں مدد ملی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments