پولیس کی مجرموں کے خلاف کارروائیاں ، زخمیوں سمیت 10 ملزمان گرفتار

 پولیس کی مجرموں کے خلاف کارروائیاں ، زخمیوں سمیت 10 ملزمان گرفتار

جیل چورنگی پل ،پیرآباد ،اقبال مارکیٹ اور عزیزآباد میں پولیس مقابلے ،اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد زخمی ہونے والے ملزمان طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل،گرفتارشدگان سے تفتیش ،مفرور ملزمان کی تلاش جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران مبینہ پولیس مقابلوں میں چار زخمیوں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹرز پولیس نے جیل چورنگی پل کے قریب مسلح ملزمان سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 ملزمان فیاض، اسلم اور امیر حمزہ کو گرفتار کرلیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد کی۔ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کے مطابق ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل فیروز آباد کے علاقے سے چوری کی گئی تھی، جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج ہے ۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب ضلع ویسٹ کے علاقے پیرآباد میں اقرا اسکول کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زرولی ولد غلام حیدر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا موٹر سائیکل سوار ساتھی فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور چلیدہ خول برآمد ہوئے۔

زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔اسی طرح اقبال مارکیٹ پولیس نے محمودیہ اسپتال کے قریب مسلح ملزمان سے مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد رفیق، محمد کلیم اور ذیشان احمد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے غیر قانونی پستول، ایمونیشن، چلیدہ خول اور چھینے گئے 3 موبائل فون برآمد ہوئے ، جبکہ ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دیگر دونوں ملزمان کو تھانے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ادھر ضلع سینٹرل کے علاقے عزیز آباد میں کراچی اکیڈمی، بلاک 2 کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم محمد عبید اللہ ولد رضا الکریم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی محمد وسیم فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، 4 زندہ راؤنڈ اور سیاہ رنگ کا کی پیڈ موبائل فون برآمد ہوا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...