ایس بی سی اے کے 7افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری
رہائشی پلاٹ کوکمرشل کرنے کیلئے این او سی میں بے ضابطگیوں کا مقدمہ ڈی جی ایس بی سی اے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر بھی ذاتی حیثیت میں طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن عدالت نے رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کے لیے این او سی کے اجرا اور مبینہ بے ضابطگیوں کے مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سات افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔ عدالت نے ملزمان اورنگزیب حشمت، قمر رضا بلوچ، محمد وقار، ریحان الائچی، عرفان قریشی، شیخ نوید اور بشیر خان کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ کو ان کی تعمیل کرانے کی ہدایت کردی۔ مقدمے میں شہید ملت روڈ پر واقع رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کے لیے این او سی جاری کرنے اور مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام ہے ۔ عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے مزمل ہالیپوٹو اور ایڈیشنل ڈائریکٹر فرحان قیصر کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے موٹر وے پولیس میں سنیارٹی کے قواعد مرتب نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکریٹری مواصلات اور آئی جی موٹر وے پولیس کو نوٹس جاری کردیے جب کہ سنیارٹی قواعد بنائے بغیر افسران کو ٹریننگ پر بھیجنے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا۔ درخواست گزار طارق اسد بھٹی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سنیارٹی کے قواعد اور فہرست مرتب کیے بغیر جونیئر افسران کو ٹریننگ پر بھیجنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments