عوام کوسستے پٹرول کا ریلیف نہ مل سکا، سنی تحریک
مہنگائی میں کمی نہ آنا لمحہ فکریہ اور حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اشیائے خورونوش و ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی جائے ،شاداب رضا
کراچی(این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی میں کمی نہ آنا لمحہ فکریہ اور حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچ رہے ۔اپنے ایک بیان میں محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریاتِ زندگی مہنگی کر دی جاتی ہیں، لیکن جب پیٹرول اور ڈیزل سستا ہوتا ہے تو اس کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا جاتا۔ یہ دوہرا معیار عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آٹا، چینی، گھی، خوردنی تیل، سبزیوں، دالوں اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے ، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر بھی نظرثانی کرکے انہیں کم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور طاقتور کاروباری مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور متعلقہ اداروں کو متحرک کیا جائے ، مارکیٹوں، منڈیوں، گوداموں اور پیٹرول پمپس کی مؤثر نگرانی کی جائے اورناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments