ساڑھے تین کروڑ سے زائدافراد ذیابیطس کا شکار ، ڈیڑھ کروڑ لاعلم
بچوں میں فاسٹ فوڈ، میٹھی اشیا اورسوشل میڈیا کا بے تحاشا استعمال مرض کے خطرات بڑھا رہے ہیں،طبی ماہرینصحت مند افراد بھی مرض سے بچاؤ کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صحت مند طرز زندگی اپنائیں،سیمینار
کراچی(این این آئی) طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں، جبکہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد ایسے ہیں جنہیں اپنے مرض کا علم ہی نہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بچوں میں ٹافیاں، کینڈیز، چاکلیٹ، کولڈ ڈرنکس اور فاسٹ فوڈ کا بڑھتا ہوا استعمال، جسمانی سرگرمیوں سے دوری اور سوشل میڈیا کا بے تحاشا استعمال ذیابیطس سمیت دیگر بیماریوں کے خطرات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ماہرین نے عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے اوجھا کیمپس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈائیابیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی (نائیڈ) کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی واک اور سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ماہرین نے کہا کہ ذیابیطس بظاہر عام نظر آنے والا مگر انتہائی خطرناک مرض ہے ، جو جسم کے سر سے پاؤں تک مختلف اعضا کو متاثر کرنے کے علاوہ کئی دیگر بیماریوں کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔ اس لیے مرض کی بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور علاج انتہائی ضروری ہیں۔نائیڈ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر مسرت ریاض نے کہا کہ ذیابیطس کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، ڈاکٹروں، طبی عملے اور دیگر ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو بھی آگاہی فراہم کی جائے تاکہ وہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کو اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے ، جبکہ صحت مند افراد بھی اس مرض سے بچاؤ کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔ڈاؤ یونیورسٹی کے شعبہ نیورولوجی کے سربراہ ڈاکٹر جواد السلام نے کہا کہ ذیابیطس کو ام الامراض کہا جاتا ہے ، کیونکہ یہ جسم کے مختلف اعضا کو متاثر کرنے کے ساتھ اعصابی رگوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے ، جس کے نتیجے میں نیوروپیتھی کا مرض جنم لیتا ہے ۔ ذیابیطس کے باعث فالج اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ماہر غذائیت ڈاکٹر تہمینہ نے کہا کہ ذیابیطس کے مریض سفید آٹے کے بجائے چکی کا بھوسی ملا آٹا استعمال کریں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ چاول کھانا چھوڑ دیں۔ مریض چاول، پھل اور سلاد سمیت مختلف غذائیں کھا سکتے ہیں، لیکن خوراک میں توازن اور مقدار کا خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ خون میں شوگر کی سطح قابو میں رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ متوازن غذا نہ صرف شوگر کنٹرول کرنے بلکہ بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔سیمینار سے ڈاکٹر زرین کرن اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا، جبکہ اختتام پر شرکا کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments