رمضان بازاروں میں اشیا کی قلت:چینی سٹالز پر شہریوں کی لمبی قطاریں
صرف 2 کلو چینی، ایک کلو پیاز، آدھا کلو ٹماٹر ملتا ہے ،عمر رسیدہ اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کیا جا رہا :شہریوں کی روزنامہ دنیا سروے میں گفتگوشہر میں چینی کے 3 نرخ،رمضان بازار 65،بڑے سٹور85،مقامی مارکیٹوں میں 90 سے 105 روپے فروخت ، شکایات کا ازالہ کیا جا رہا:کمشنر
لاہور( عبدالقادر سے ،عمران اکبر، تصاویر: امجدحسین) شہر کے بیشتر رمضان بازاروں میں اشیا کی قلت جبکہ چینی اور آٹا سٹالز پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں،شہری انتظامات اور فنگر پرنٹ کے نشانات پر نالاں ہیں۔اسلام پورہ ،مکہ کالونی ،سنگھ پورہ ، شادمان ،ٹھوکرسمیت دیگر علاقوں کے رمضان بازاروں میں چینی کے سٹالز پر لمبی قطاری لگی رہیں، سستی سبزیوں کی فراہمی بھی محدود تھی۔ اسلام پورہ ،شادمان،سنگھ پورہ اور شادباغ رمضان بازاروں میں آئے شہریوں مسز فاطمہ ،شاہدہ خان ،ممتار محمود اور محمد رمضان نے نے روزنامہ دنیا سروے میں کہا رمضان بازاروں کی تزین و آرائش پر کروڑروں روپے خرچ کردئیے گئے لیکن چینی،گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی محدود دی گئی ،2کلو چینی،1کلو پیاز، آدھا کلو ٹماٹر ہی خرید سکتے ہیں ۔ـ ٹھوکر ،مکہ کالونی رمضان بازار میں محمد رضوان بٹ،کوثر بی بی ،زینب بی بی ،حنا ابرار،اشرف بٹ اورمحمد فرید اللہ نے کہا مٹن اور بیف عمر رسیدہ اور بیمار جانوروں کافروخت کیا جارہا ہے ،آٹے اور چینی کا حصول بھی آسان نہیں ،گھی و کوکنگ آئل پر سبسڈی نہیں دی گئی،ـ پھلوں میں صرف کیلے اور امرود ہی رکھے گئے ۔ادھر شہر میں چینی کے 3 نرخ ہو گئے ۔شہر کے بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹوروں پر چینی کی قیمت 85 جبکہ رمضان بازاروں میں65روپے ہے ۔دوسری طرف شہر کی400مقامی مارکیٹوں میں دکانداروں نے چینی کی قیمتوں میں کمی نہ کی اور85 کے بجائے 90سے 105روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اکبری منڈی کے 67ہول سیل ڈیلرز کو رجسٹرڈ کر لیا گیا جو ملز سے براہ راست ایکس مل ریٹ 80روپے کلو کے حساب سے چینی خریدیں گے اور عام مارکیٹ میں چینی کی 85روپے میں فروخت کرائیں گے ۔ اس سلسلے میں کمشنرمحمد عثمان کا کہنا ہے رمضان بازاروں میں 65روپے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں 85روپے کلو چینی فروخت کرائی جا رہی ہے اور جہاں شہریوں کی طرف سے کوئی شکایت آتی ہے فوری ازالہ کرایا جا رہا ہے ،منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔