قوانین نظرانداز،لاپروائی شہرمیں ٹریفک حادثات بڑھ گئے

قوانین نظرانداز،لاپروائی شہرمیں ٹریفک حادثات بڑھ گئے

24 گھنٹوں کے دوران 280 واقعات میں 270 افراد زخمی، حادثات میں اضافے کی بڑی وجہ موٹرسائیکل سوار حضرات قرارصوبے بھر میں سب سے زیادہ حادثات لاہور میں رونما ہوتے ہیں ،80 فیصد تک کے ذمہ دار موٹرسائیکل سوار ہیں:ترجمان ریسکیو

لاہور(سہیل احمد قیصر)ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور لاپروائی کی وجہ سے شہر میں ٹریفک حادثات بڑھ گئے ، 24 گھنٹوں کے دوران280 حادثات میں 200 افراد زخمی ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ گئے ۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں ہرگزرتے دن کے ساتھ ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ اِس کی بڑی وجوہات میں شہریوں کی طرف سے ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنا اورلاپروائی سے ڈرائیونگ کرنا شامل ہیں ۔ دوسری طرف سڑک پار کرنے میں لاپروائی برتنے پر بھی تسلسل کے ساتھ حادثات رونما ہورہے ہیں۔معلوم ہوا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 280 ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں مجموی طور پر 270 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 200 افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ لاہور میں گزشتہ کچھ عرصے سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کی بڑی وجہ موٹرسائیکل سوار حضرات کو قرار دیا جارہا ہے ۔ ریسکیو 1122ذرائع کے مطابق ون وے اور ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کا رجحان بھی سب سے زیادہ موٹرسائیکل سوار حضرات میں پایا جاتا ہے ۔اِس حوالے سے ریسکیو1122 کے ترجمان فاروق احمد نے روزنامہ دنیا کو بتایا صوبے بھر میں سب سے زیادہ حادثات لاہور میں رونما ہوتے ہیں ۔ اُن کا کہنا تھا 70سے 80فیصد ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں جبکہ رکشہ اور چنگ چی رکشوں کے ڈرائیور حضرات کی بڑی تعدادبھی ٹریفک قوانین کوخاطرمیں نہیں لاتی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں