مفت آٹا مراکز پر لمبی قطاریں ، گھنٹوں وقت کا ضیاع

مفت آٹا مراکز پر لمبی قطاریں ، گھنٹوں وقت کا ضیاع

لاہور(سہیل احمد قیصر)لاہور میں مفت آٹے کی فراہمی کے عمل میں بہتری آنے لگی ۔ آٹا فراہمی کے لیے قائم 41 سنٹرز پر 9 لاکھ 23 ہزارآٹے کے تھیلوں کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

ڈی سی لاہور نے ضرورت پڑنے پر سنٹرزپرعملے کی تعداد میں مزید اضافے کی ہدایت کردی۔بہتری کے باوجود شہریوں کی شکایات کا مکمل ازالہ نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق ابتدا میں آٹا فراہمی کا عمل انتہائی بدنظمی کا شکار رہا۔ اِس دوران کئی ایک سنٹرزپر شدید افراتفری دیکھنے میں آتی رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ شناختی کارڈز کی سکیننگ کے عمل میں بھی مشکلات پیش آتی رہیں جس کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد آٹا حاصل کیے بغیر سنٹرز سے لوٹتی رہی، تاہم اب صورت حال میں بہتری دیکھی جارہی ہے ۔ لاہور کے مختلف سنٹرز پر شہریوں نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے قرار دیا کہ اُنہیں ابھی بھی آٹا حاصل کرنے کے لیے کافی دیر تک قطاروں میں لگناپڑتا ہے ۔ اِس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ آٹے کی احسن انداز میں فراہمی کے لیے تمام وسائل بروے کار لائے جارہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران ذاتی طور پر مختلف سنٹرزکے دورے کررہے ہیں ۔ جس بھی جگہ سے کوئی شکایت موصول ہوتی ہے تو اُس پر فوری کارروائی کی جاتی ہے ،تاہم اتنی بڑی سرگرمی کے دوران اکا دکا شکایت کا پیدا ہوجانا بعید از قیاس نہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں