شاہدرہ گجومتہ: میٹرو بسوں میں کمی سے رش مسافر پریشان
لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور میں میٹرو بس ٹریک پر معاہدے سے کم بسیں چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، نجی کمپنی کی جانب سے 62 کے بجائے 48 بسیں ٹریک پر لائی گئیں۔۔
جس کی وجہ سے سٹیشنز پر 20 سے زیادہ ٹائم ڈراپ ہوگئے، مسافروں کا رش ہونے کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیل کے مطابق شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس کا منصوبہ اداروں اور حکومت کی مبینہ عدم توجہی کی بھینٹ چڑھنے لگا،میٹرو بس کنٹریکٹر نے معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں۔نجی کمپنی کی جانب سے گزشتہ روز 62 کے بجائے 48بسیں ٹریک پر لائی گئیں،48 میں سے بھی دو خراب ہوکرکھڑی ہوگئیں۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولیات کیلئے 62 کے بجائے 46 بسیں چل رہی ہیں ، مکمل بسیں نہ چلنے سے مسافروں کو سفری سہولیات میں دشواری کا سامنا ہے ، بسیں کم ہونے کی وجہ سے سٹیشنز پر بروقت بھی نہیں پہنچ رہیں۔ نشتر ٹاؤن ڈپو میں خراب ہونے والی بسوں کی مرمت کا کام ہی نہیں کیا جارہا ،نجی کنٹریکٹر کمپنی کے پاس پرزوں اور ٹائروں کا فقدان ہے ۔ جی ایم آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کنٹریکٹر کی طرف سے کم بسیں چلانے پر جرمانے کئے جارہے ہیں، کچھ بسیں تکنیکی خرابی کا شکار ہیں جس کی مرمت کا کام جاری ہے ،کنٹریکٹر کو وارننگ جاری کر دی ہے کہ معاہدے کے مطابق روٹ پر بسیں چلائی جائیں۔