سربمہر عمارتوں میں دوبارہ غیر قانونی تجارتی سرگرمیاں

سربمہر عمارتوں میں دوبارہ غیر قانونی تجارتی سرگرمیاں

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)پولیس کی عدم دستیابی اور دیگر کارروائیوں کی وجہ سے ایل ڈی اے کا ماڈل شاہراہوں پر آپریشن بند ہو گیا جس کی وجہ سے سربمہر عمارتوں میں دوبارہ غیر قانونی تجارتی سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔

تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے نے ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ماڈل روڈز پر پانچ سو سے زائد املاک کو سربمہر کیا،املاک مالکان نے قوانین کے مطابق بلڈنگز کو ڈھالنے سے متعلق بیان حلفی جمع کر ائے لیکن مبینہ سیاسی دباؤ اور ایل ڈی اے کی توجہ ہٹنے کے سبب پراسرار خاموشی چھا گئی ہے۔ شہر کی 9 ماڈل شاہراہوں کے خلاف شروع کیا گیا آپریشن متاثر ہورہا ہے، پارکنگ ایریاز کو واگزار کر انے کے لئے بھی ایل ڈی اے خاموش ہے ۔شعبہ ٹاؤن پلاننگ اور ہاؤسنگ کی ریکوزیشن کے باوجود شعبہ انفورسمنٹ نے مشینری فراہم نہ کی،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن نہ ہونے سے تعمیرات میں اضافہ ہونے لگا۔جوہر ٹاؤن جی ون مارکیٹ، عبدالحق اور مین بلیوارڈ اقبال ٹاؤن پر غیر قانونی املاک پر سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ گلبرگ مین بلیوارڈ، مین بلیوارڈ ایل ڈی اے ایونیو ون پرپارکنگ کی جگہ دوبارہ قابضین کے نرغے میں آگئی۔ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماڈل شاہراہوں پر املاک کو نوٹسز کے ذریعے انتباہ جاری کیا گیا، کارروائیوں کا دوبارہ آغاز کر رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں