یو ایم ٹی :بچوں کے عالمی دن پر گنجل فلم کی پری لانچنگ تقریب

لاہور (سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں بچوں کے عالمی دن پر چائلڈ لیبر پر بنائی گئی پاکستانی فلم گنجل کی پری لانچنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
یہ تقریب یو ایم ٹی سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز،ایس ایس ڈی او، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور کیٹ واک کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔تقریب میں ڈی جی یو ایم ٹی پروفیسر عابد شیروانی،ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ڈاکٹر انجم ضیا ، پاکستانی نامور آرٹسٹس احمد علی اکبر، ریشم،سید کوثر عباس، فیشن آرٹسٹ فریحہ الطاف، چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن ا ینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد،میڈیا نمائندگان، پولیس ڈپارٹمنٹ سمیت فلم گنجل کی کاسٹ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر انجم نے بتایا کہ چائلڈ لیبر اور چائلڈ ٹریفکنگ بہت سنگین مسائل ہیں جن کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔ پروفیسر عابد شیروانی کا کہنا تھا چائلڈ لیبر جیسے دیگر معاشرتی مسائل پر بھی گنجل فلم کی طرح فلمیں بننی چاہئیں ۔انکا مزید کہنا تھا یو ایم ٹی کروڑوں روپے کے سکالر شپس دیتا ہے تاکہ تمام بچے تعلیم حاصل کر سکیں۔