سروسز ہسپتال :لاکھوں روپے کی سرجیکل کاٹن پٹیاں ضائع
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سروسز ہسپتال میں لاکھوں روپے کی زخموں پر لگانے والی سرجیکل کاٹن پٹیاں مریضوں کی مرہم پٹی کرنے کے بجائے ضائع کر دی گئیں۔
درجنوں بورے جن میں لاکھوں کی تعداد میں پٹیاں موجود ہیں ہسپتال کی عقبی سائیڈ پر پھینک دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی اور ان ڈور ڈیپارٹمنٹس کی عقبی سائیڈ پر موٹر سائیکل سٹینڈ کے قریب لاکھوں روپے مالیت کی مریضوں کی مرہم پٹیاں پڑی ہوئی ہیں۔ رابطہ کرنے پر ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیر ملک نے بتایا اس حوالے سے تحقیقات کی گئی ہے، یہ کاٹن بینڈیجز نجی کمپنی سے 2017میں خرید گئی تھیں جس کا بعد میں ڈی ٹی ایل کر ایا گیا تو ان کو ناقابل استعمال قرار دے دیا گیا جس پر کمپنی نے اس کا متبادل سامان ہسپتال کو فراہم کر دیا تھا اور یہ ناقابل استعمال سامان اٹھایا نہیں گیا، ہسپتال کی مرمت کے دوران سرجیکل سٹور نے ایک بار پھر کمپنی کو سامان اٹھانے کا کہا جنہوں نے باہر نکال کے رکھا اور کچھ لے گئے چند توڑے جن کو پانی لگا تھا وہ وہیں چھوڑ گئے ۔تاہم اس سامان کے بدلے ہسپتال نے کسی قسم کی پیمنٹ نہیں کی۔