141 غیر قانونی تعمیرات، واہگہ زون سرفہرست
لاہور(عمران اکبر)شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے واہگہ زون کو سرفہرست قرار دے دیا گیا،واہگہ زون کے کنٹرولڈ ایریاز میں 141 غیر قانونی میگا کمرشل و انڈسٹریل تعمیرات کاانکشاف ہوا ہے۔
سرکاری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ان غیرقانونی تعمیرات میں مبینہ طور پر افسر ،بلڈنگ انسپکٹر ز اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔ تفصیل کے مطابق شہر میں غیر قانونی تعمیرات کا راج برقرار ہے۔ سرکاری رپورٹ میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ واہگہ زون میں 141غیر قانونی تعمیرات میں سے 85 زیر تعمیر جبکہ 56 تکمیل کے قریب ہیں،غیر قانونی تعمیرات سے خزانے کو10کروڑ سے زائد کانقصان پہنچایا گیا۔غیر قانونی تعمیرات کرانے میں ایم او پلاننگ واہگہ زون ،بلڈنگ انسپکٹرز ملوث ہیں جبکہ سرویئرز،کلرکس ،ہیلپرالیکٹریشن ،گینگ مین،نائب قاصد ،ورک چارج ملازمین اور پرائیویٹ افراد بھی پیش پیش ہیں۔ جی ٹی روڈ جیسے فیروزن ایریاز میں 45 غیر قانونی تعمیرات کر ا دی گئیں ۔رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ برکی روڈ پر 4 ،بھینی روڈ 2، کوٹلی غازی 7، بلال گنج سکیم 3،مقصود پورہ 1، رنگ روڈکی سروس روڈ پر بھی کمرشل غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔ اسی طرح بیدیاں روڈ پر 8 کمرشل ،انڈسٹریل اور مارکیز ،ہانڈو روڈ پر 2 کمرشل و انڈسٹریل ،گنجا سندھو روڈ ایک، تاج گڑھ روڈ ایک، مومن پورہ روڈ 6، گنگا سندھو چوک میں2 غیر قانونی کمرشل تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ۔چیف کارپوریشن آفیسر اقبال فرید کا کہنا ہے غیر قانونی بلڈنگز کو سیل کیا جائے گا، ملوث افسروں اوربلڈنگز انسپکٹرز کے خلاف انکوائری کی جائے گی۔