برکت مارکیٹ فلائی اوور بنانے کی تیاری : پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک مسائل کا خدشہ

برکت مارکیٹ فلائی اوور بنانے کی تیاری : پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک مسائل کا خدشہ

لاہور(شیخ زین العابدین)پی ایس ایل کا آغاز 17 فروری کو ہونے جا رہا ہے جس کے دوران شہر میں پھر ٹریفک نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔۔۔

 قذافی سٹیڈیم کے راستے میں برکت مارکیٹ وائے جنکشن فلائی اوور پر تعمیراتی کام شروع ہونے سے ٹریفک روانی متاثر ہوگی۔ گزشتہ برس بھی پی ایس ایل کے دوران کلمہ چوک ری ماڈلنگ کا منصوبہ جاری تھا جو شائقین کرکٹ کیلئے ٹریفک روانی میں خلل کا باعث بنا تھا۔تفصیل کے مطابق شائقین کرکٹ کو اس پی ایس ایل میچز کے دوران بھی ٹریفک کے مسائل سے دو چار ہونا پڑے گا۔ حکومتی اداروں کے درمیان رابطے کا مبینہ فقدان ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا شائقین کرکٹ کو کرنا پڑے گا۔ ایک طرف پی ایس ایل تو دوسری طرف ترقیاتی کاموں کا آغاز ہونے جارہا ہے ۔نگران وزیر اعلیٰ کی طرف سے برکت مارکیٹ وائے جنکشن پر میگا پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ آئندہ دو روز میں برکت مارکیٹ وائے جنکشن پر فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا جس سے ٹریفک روانی متاثر ہوگی۔ کینال روڈ، جناح ہسپتال، جوہر ٹاؤن سے قذافی سٹیڈیم جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پراجیکٹ کیلئے تاحال ٹریفک ایڈوائزری کا پلان بھی نہیں بنایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں