شہر میں پہلی الیکٹرک ٹرام چلانے کی منظوری: فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری شروع

شہر میں پہلی الیکٹرک ٹرام چلانے کی منظوری:  فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری شروع

لاہور(شیخ زین العابدین)شہر لاہور میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرام چلانے کی منظوری دیدی گئی،ایل ڈی اے نے منصوبے کا گلبرگ میں آغاز کرنے کے لئے فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری شروع کر دی۔

کینال روڈ اور ملتان روڈ پر بھی ٹرام چلائی جائے گی ۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پہلے مرحلے میں گلبرگ کے علاقوں میں ٹرام منصوبے کی منظوری د ی گئی۔ ایل ڈی اے نے ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری شروع کر دی۔ گلبرگ میں حالی روڈ ،مین مارکیٹ ،منی مارکیٹ، مین بلیوارڈ پر ٹرام چلانے کا پلان بنایا گیا۔علاوہ ازیں شہر میں مزیدمقامات پر الیکٹر ک ٹرام چلانے کی رپورٹس کی تیاری بھی شروع کر دی گئی۔کینال روڈ پر جلو موڑ سے ٹھوکر نیاز بیگ اور ملتان روڈ پر ٹھوکر تا سندر،مانگا تک ٹرام چلانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایل ڈی اے نے الیکٹرک ٹرام ایلی ویٹیڈ چلانے کے بجائے کینال روڈ پر چلانے کی تجویز دی ہے ۔ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک 22 کلومیٹر کے روٹ پر ہر ایک کلومیٹر کے بعد بس سٹاپ بنایا جائے گا۔ برآمد ہونے والی الیکٹرک بسوں کو الیکٹرک ٹرام سروس میں استعمال کیا جائے گا۔الیکٹرک ٹرام سروس چلانے کیلئے کینال روڈ پر ایک لین کو مخصوص کیا جائے گا جبکہ ٹرام سروس کے لئے جیل روڈ انڈر پاس کی ری ماڈلنگ بھی کی جائے گی۔ایل ڈی اے نے کینال روڈ پر ایلی ویٹیڈ الیکٹرک ٹرام چلانے کی بھی تجویز دی ہے ۔ ایلی ویٹیڈ ٹرام کیلئے تخمینہ لاگت 50ارب روپے سے زائد ہے ۔پنجاب حکومت نے ایل ڈی اے کو تفصیلی پی سی ون بنانے کی ہدایت کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں