غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی ریگولرائزیشن کا جائزہ

غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی ریگولرائزیشن کا جائزہ

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)وزیراعلیٰ کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے ممبر وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کے دوران غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی ریگولرائزیشن کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کے شریک کنوینر وزیر زراعت و لائیو سٹاک عاشق حسین کرمانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ ایس ایم بی آر نے زرعی اراضی کا کمرشل استعمال ریگولرائز کرنے پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری سے قبل مو ثر ماسٹر پلان کی تیاری ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا سرکاری اداروں کی جانب سے ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری میں تاخیر سے بھی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔ وزیر بلدیات نے ڈی جی ایل ڈی اے کو اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے سکیموں کے لئے محکمانہ این او سیز کی تعداد گھٹانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں