یکم نومبر سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند

یکم نومبر سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند

لاہور(شیخ زین العابدین)فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے پر حکومتی اداروں نے اقدامات شروع کر دئیے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایک بار پھر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

یکم نومبر سے لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کردیا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ 3 ماہ سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے خاطر خواہ نتائج موصول نہ ہوسکے تاہم اب محکمہ ٹرانسپورٹ اور الائیڈ محکموں نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل سکواڈز تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ بابو صابو، شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ ، گجومتہ اور شہر کے دیگر اہم مقامات پر سپیشل سموگ سکواڈز تعینات کئے جائیں گے۔ بھاٹی،ریلوے سٹیشن، سبزی و فروٹ منڈی ، غلہ منڈی، سرکلر روڈ پر بھی سپیشل سموگ سکواڈز تعینات کرنے کا حکم دے دیا گیا،سکواڈز میں ٹریفک پولیس، ایکسائز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے آفیسرز شامل ہوں گے ۔دھواں چھوڑنے والی پبلک و پرائیویٹ گاڑیوں کا لاہور میں داخلہ بند کرنے کے حوالے سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں ایڈیشنل سیکرٹری عائشہ ممتاز، سٹی ٹریفک پولیس لاہور، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے افسروں اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شرکت کی۔سیکرٹری نے سموگ بارے کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق رواں ماہ ضلع لاہور میں سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 1793 گاڑیاں بند ، 3869 گاڑیوں کے چالان اور 1 کروڑ 20 لاکھ کے جرمانے کئے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں