شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر مکمل پابندی: دھواں چھوڑتی نجی گاڑیوں کو 7 روز کا الٹی میٹم

شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر مکمل پابندی: دھواں چھوڑتی نجی گاڑیوں کو 7 روز کا الٹی میٹم

لاہور(کرائم رپورٹر)حکومت پنجاب کی طرف سے لاہور میں ہیوی ٹرانسپورٹ پر داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، لوڈر ٹریکٹر ٹرالی کو داخلہ کی اجازت نہیں ہوگئی،ڈی ایس پیز کی نگرانی میں شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر نفری تعینات کر دی گئی۔

 سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹریفک،خستہ حال اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو اجازت نہیں ہوگی ، پابندی سے مستثنیٰ پٹرول ، ادویات، خورونوش اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت ہوگئی ۔پابندی کے اطلاق کو سوفیصد یقینی بنایاجائے گا،اتوارکے روز 10 ہزار سے زائد ہیوی ٹریفک اور ٹریکٹر ٹرالیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، تمام ایس پیز اور ڈی ایس پیز ناکوں پر موجود ہونگے ،ٹرانسپورٹرز سموگ تدارک اور صحتمند آپ و ہوا کے لئے حکومتی احکامات کی پاسداری کریں، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو ملکر کوشش کرنا ہوگئی۔دریں اثنا سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ احمد جاوید قاضی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ و ماسٹرانزٹ پنجاب نے ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اب پبلک ٹرانسپورٹ کے بعد ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرائیویٹ گاڑیوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ و ماسٹرانزٹ نے پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان کو 7 یوم کا الٹی میٹم دیا ہے کہ اپنی دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی فوری سروس یقینی بنائیں بصورت دیگر بھاری چالان کیا جائیگا۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری اپنے فون سے 15 پر اور ایکسٹینشن نمبر 6 ملا کر دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی اطلاع دیں۔ پنجاب حکومت اور ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اس لیے دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیورز ایسی گاڑیوں کو سڑک پر ہرگز نہ لائیں۔ علاوہ ازیں دھواں چھوڑتی بسوں، ٹرکوں اور رکشوں کو لاہور میں بند کر دیا جائیگا۔ اب خلاف ورزی کرنے والوں کیساتھ ہرگز کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں