مالی حالات بہتر، طالبہ کی بی آئی ایس پی سے اخراج کی درخواست

اسلام آبا (سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد نے لائیو ای کچہری کا انعقاد کیا، ایک گھنٹے کے دوران ملک بھر سے 32کالرز نے اپنے مسائل بتائے ، چیئرپرسن نے بی آئی ایس پی افسروں کو مستحقین کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی آئی خان سے تعلق رکھنے والی 17سالہ عائشہ نے بتایا مالی معاونت سے ان کے گھرانے کے مالی حالات کچھ بہتر ہوئے ہیں، آٹھویں کی طالبہ عائشہ نے گزارش کی کہ ان کے گھرانے کا نام بی آئی ایس پی کی فہرست سے خارج کیا جائے اور کسی دوسرے گھرانے کو پروگرام میں شامل کیا جائے ۔ روبینہ خالد نے ان کی ستائش کرتے ہوئے کہا ایسے افراد جو یہ سمجھتے ہوں کہ وہ اب مستحق نہیں رہے تو وہ سامنے آئیں تاکہ انہیں پروگرام سے خارج کر کے دیگر مستحقین کو شامل کیا جائے ۔ اب کوئی سرکاری ملازم اس پروگرام سے مستفید نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا ہم تعلیمی وظائف پروگرام کے ذریعے سکول نہ جانے والے بچوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ ای-کچہری کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ جنوری 2025سے کفالت سہ ماہی قسط 10500 سے بڑھا کر 13500 روپے کردی گئی ہے ۔