خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے المناک سانحہ، افضل چن
خامنہ ای کی شہادت امتِ مسلمہ کیلئے المناک سانحہ، افضل چن عالمِ اسلام کے اتحاد و وقار کے لیے نمایاں کردار ادا کیا،کتاب میں تاثرات درج
بھیرہ(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک المناک سانحہ ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے انتہائی کٹھن حالات میں اپنی قوم کی بہترین رہنمائی کی اور عالمِ اسلام کے اتحاد و وقار کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے نہ صرف ایران بلکہ پوری مسلم دنیا کو سوگوار کر دیا ہے ۔چوہدری ندیم افضل چن ایرانی سفارت خانہ بھی گئے جہاں انہوں نے ایرانی سفارتکار سے ملاقات کر کے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور ایرانی عوام کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔