یوم تاسیس:پی پی کے ضلعی دفاتر پر 29،30نومبر کو چراغاں
لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس منانے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوتی جا رہی ہیں۔پارٹی کا یوم تاسیس چار دیواری کی بجائے عوامی مقام پر منعقد کیا جائے گا۔
ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ تنظیمیں 22 نومبر تک اپنے اجلاس بلا کر یوم تاسیس کی جگہ اور دیگر تیاریوں کی رپورٹ دینگی اورپیپلز پارٹی کی تمام ضلعی تنظیموں کے دفاتر پر 29اور 30نومبر کی شب چراغاں کیا جائیگا۔یہ فیصلہ پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کی مانیٹرنگ کمیٹی کے کنوینر عثمان ملک کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں فائزہ ملک،ڈاکٹر خیام حفیظ،ڈاکٹر احسن منظر،عمران اٹھوال،خالد بٹ اور عمر شریف بخاری شریک تھے ۔دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں طلبا یونین کی بحالی کیلئے اپنے بدترین دشمنوں سے بھی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں،وہ بھی اور ہم بھی سٹوڈنٹ تنظیموں سے پابندی ہٹنے کے حق میں ہیں۔وہ پیپلز سٹوڈنٹ فیڈریشن جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اکٹھے ہونے والے طلبہ و طالبات سے گفتگو کر رہے تھے ۔