چینی گروپ کو ویسٹ ٹو انرجی پرسہولت دینگے :شافع حسین
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی شہنگائی ٹیکنالوجی اور ذیجیانگ بیسٹ وے این ویٹیک کمپنیوں کے ماہرین اور حکام نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی۔۔۔
جس میں صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، ماحولیاتی آلودگی، گاربیج سے بجلی بنانے اور واٹر ٹریٹمنٹ کے معاملات پر بات چیت ہوئی ۔صوبائی وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے ،چین کا گروپ پنجاب میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ لگائے، ہرممکن سہولت دیں گے ،چین کی کمپنیاں ٹیوٹا کے ساتھ اشتراک بھی کرسکتی ہیں، وفد میں سی ای اوشہنگائی ٹیکنالوجی کمپنی رائٹ لینڈر، سی ای او بیسٹ وے کن بال چین،جنرل منیجر ژیان زی گاؤ اور جی ایم ایشیا ریجن یاؤ یو شامل تھے۔ ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد ،ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور مقامی سرمایہ کار حماد بیگ اور قیصر نیاز بھی ملاقات میں موجود تھے۔