سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نئے نظام کی تیاریاں مکمل
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے معیاری اور دیرپا نظام کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
مریم نواز کا پنجاب، ستھرا پنجاب پروگرام کی لانچنگ 3 دسمبر کو ہوگی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف افتتاح کریں گی۔ اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایل ڈبلیو ایم سی آفس میں ہونے والے اجلاس کے دوران تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے تقریب کے انتظامات پر بریفنگ دی۔وزیر بلدیات نے کہا لاہور میں سالڈ ویسٹ سسٹم کی تعمیرنو بھی اسی پروگرام کا حصہ ہے ۔ پنجاب کے شہروں اور دیہات میں پہلی بار صفائی کا یکساں نظام رائج ہونے والا ہے ۔ گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کر کے اسکی محفوظ ڈمپنگ یقینی بنائیں گے ،صفائی کے نئے نظام کو کامیاب بنانا عوام اور منتخب نمائندوں کی بھی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ تقریب کے دوران ستھرا پنجاب ایپ بھی لانچ کریں گی جس سے شہری ہر قسم کا فیڈبیک دے سکیں گے ، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کا موثر میکانزم بنایا گیا ہے ، پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے صفائی کی مانیٹرنگ ہوگی۔