ایل ڈی اے : جناح مارکیٹ کے لے آؤٹ پلان پر اعتراض
لاہور(شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے گورننگ باڈی اجلاس بھی جناح مارکیٹ ٹاؤن شپ کے مستقبل کا تعین نہ کرسکا۔ گورننگ باڈی نے مارکیٹ کی اراضی کو کمرشل بنیادوں پر فروخت کرنے کا فیصلہ دیا لیکن اجلاس میں ہی مارکیٹ کے لے آؤٹ پلان پر اعتراض عائد کر دیا گیا۔
ایل ڈی اے انتظامیہ ساڑھے تین سال بعد بھی جناح مارکیٹ کا حل نہ نکال سکی، اربوں روپے مالیت کی اراضی قبضہ مافیا کے رحم و کرم پر ہے ۔ مارکیٹ کا پلان اگلی اتھارٹی میٹنگ میں دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ایل ڈی اے نے جناح مارکیٹ کی 195 دکانیں گرا کر اراضی واگزار کر ائی ،یہاں پارک اینڈ رائیڈ پلازہ بنایا جانا تھا۔گورننگ باڈی نے پلازہ کی تجویز مسترد کی اورفیز ٹو کی اراضی پر دکانیں بنانے کی ہدایت کی مگر دکانیں بنانے کا فیصلہ بھی گومگو کی صورتحال اختیار کر گیا۔موجودہ صورت حال میں واگزار کر ائی گئی اراضی کو قبضہ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، 10 ارب سے زائد مالیت کی اراضی پر دوبارہ تجاوزات قائم ہونا شروع ہوگئیں۔ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جناح مارکیٹ کی اراضی سے متعلق جامع حکمت عملی بنا رہے ہیں، ڈائریکٹر ہاؤسنگ اور ٹاؤن پلاننگ کو پلان جمع کر انے کی ہدایات کر دیں۔