یونیک گروپ کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب کا انعقاد
لاہور(سٹاف رپورٹر)یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام ڈاکٹر نثار احمد رانا آڈیٹوریم میں کرسمس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبدالمنان خرم نے کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی سینئر پارلیمانٹیرین کامران مائیکل اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی وزیر سوہنیا آشر تھیں۔ دیگر مہمانان گرامی میں معروف گلوکار فراز نیر، فور پاور لفٹر ٹینوکل سسٹر سمیت یونیک کی مسیحی برادری نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ کرسمس کا تہوار ہمیں محبت اور رواداری کا پیغام دیتا ہے اور یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ ہم کرسمس کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کو نظر انداز کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ ہمیشہ اپنے مسیحی ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے ان کی خوشیوں میں شامل ہوتا ہے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سینئر پارلیمانٹیرین کامران مائیکل نے کہا کہ ہم خواب دیکھتے ہیں کہ پاکستان میں رہنے والے ہر طبقہ فکر اور مذاہب کے لوگ اپنی خوشیاں اس طرح مل کر بانٹیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ ملک میں اقلیتیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم میں موجود سفید رنگ کی خوبصورتی اسی میں ہے کہ اس میں دھبہ نہ ہو۔اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور سوہنیا آشر نے کہا کہ کرسمس کا تہوار ہمیں محبت و اخوت کا درس دیتا ہے اور یہ بات قابل ستائش ہے کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے اقلیتی برادری کی خوشیوں کے تہوار کو حسن انداز سے منایا۔