سکولز میں چھٹیاں کم کرنے پر کام ہو رہا، وزیر تعلیم پنجاب
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی اداروں میں چھٹیاں کم کرنے اور تعلیم کو متاثر کرنے والے عوامل پر کام کر رہی ہے۔۔
جلد ہی اس کا میکانیزم بنا لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر تعلیم نے ایک تقریب میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان کے سوال کے جواب میں کیا۔ ابرار احمد خان نے وزیر تعلیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز تصوراتی امتحانی نظام کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اسکی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ آپ پنجاب میں جو بھی امتحانی نظام لائیں وہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک تعلیمی اداروں میں ہونے والی بے تحاشا چھٹیوں پر قابو نہ پالیا جائے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کبھی سموگ، کبھی پولیو اور کبھی دیگر وجوہات کے باعث اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں جس سے بچوں کی پڑھا ئی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، پنجاب کے تمام سی ای اوز کو ہدایات جاری کی جائیں گی کے اپنے اساتذہ کو اس طرح کی ڈیوٹیوں سے آزاد کریں۔