یوٹیلیٹی سٹورز پر بنیادی اشیاء کا فقدان برقرار ، شہری خوار
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)فیصل آباد کے یوٹیلیٹی سٹورز کی حالت زار کئی ماہ بعد بھی بہتر نہ ہو سکی۔ سستے گھی، چینی، دالوں، کوکنگ آئل، آٹے اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کے فقدان کے۔۔۔
باعث شہری یوٹیلیٹی سٹور زسے خالی ہاتھ واپس لوٹنے اور اوپن مارکیٹوں سے مہنگے داموں خریداری کرنے پر مجبور ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن حکام کی جانب سے شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی دینے کے نام پر شہر کے 100 سے زائد مختلف مقامات پر یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے گئے ہیں اور ان اسٹورز کو دو ریجن میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ انتظامی معاملات بہتر رہ سکیں۔ لیکن انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز پر گزشتہ کئی مہینوں سے آٹے ، گھی، چینی، کوکنگ آئل، دالوں، چاول اور دیگر بنیادی اشیاء خورونوش کا فقدان دیکھنے میں آ رہا ہے ۔جس سے دور دراز کے علاقوں سے خریداری کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز کا رخ کرنے والے شہری خالی ہاتھ واپس لوٹنے اور اوپن مارکیٹوں سے مہنگے داموں خریداری کرنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی قلت اور فقدان کی وجہ سے سیل نہ ہونے کے برابر رہ گئی ۔ جس سے سٹورز کے بجلی و گیس کے بل، ملازمین کی تنخواہیں، پینشنز، سٹورز کے کرایوں اور دیگر اخراجات کی وجہ سے ماہانہ کروڑوں روپے کا بوجھ محکمہ کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق متعدد بار حکام کو شکایات کا اندراج کروانے کے باوجود بھی حکام مثبت اقدامات اٹھانے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی قلت کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔شہریوں کی جانب سے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز کو بہتر انداز میں فعال کرتے ہوئے سامان کی متواتر سپلائی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ریلیف اور سبسڈی فراہم کی جائے ۔