پارکس،عوامی مقامات کو بہتر بنا رہے ہیں:صفدر حسین

پارکس،عوامی مقامات کو بہتر بنا رہے ہیں:صفدر حسین

گجرات (سٹی رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کا کھاریاں لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کا دورہ ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کھاریاں میں لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھاریاں مشرف بیگ بھی ان کے ہمراہ تھے اور انہوں نے پارک کی صفائی اور خوبصورتی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ پارک میں عوام کے لیے بیٹھنے کے لیے نئے بیچ نصب کئے گئے ہیں،واک ٹریک کو بہتر بنایا گیا ہے اور بچوں کے لیے جھولے نصب کیے گئے ہیں تاکہ یہ پارک ہر عمر کے افراد کے لیے ایک پرسکون اور تفریحی مقام بن سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارک میں شجرکاری اور پھولوں کی ترتیب کے ذریعے اس کی خوبصورتی کو مزید نکھارا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے منصوبے شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھاریاں کو ہدایت کی کہ پارک کی صفائی اور دیکھ بھال کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پارک میں آنے والے افراد کو صاف ستھرا ماحول میسر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق پارکوں اور عوامی مقامات کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں