کروڑوں کا فنڈ، کینو کی صنعت زبوں حالی کا شکار : حسن یوسف
سرگودھا(دنیا فورم)سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر محمد حسن یوسف نے کہا ہے کہ چھوٹی صنعتوں کا فروغ ہی صرف ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کرسکتا ہے۔۔۔
گھریلو صنعتوں /کاٹیج انڈسٹری کو بجلی، گیس کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں بے تحاشا اضافہ نے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف کی سمال ٹریڈ بزنس کے مسائل ختم کرنے کیلئے دلچسپی اور ابتدائی اقدامات خوش آئند ہیں، روزنامہ دنیا فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیادی وجہ چھوٹی صنعتوں کی حوصلہ افزائی اور ان کا ہر ممکن فروغ ہے ، چائنہ ، جاپان، کوریا سمیت بہت سے ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں ،سرگودھا میں کاٹیج انڈسٹری کو وسعت دینے کیلئے سمال ٹریڈرز کے پانچ رکنی وفد نے حال ہی میں وزیر آباد، سیالکوٹ،سمبڑیال، گوجرانوالہ کے دورے کئے ہیں تاکہ یہاں بھی سمال بزنس کو فروغ دے کر استفادہ حاصل کیا جا سکے ، سرگودھا میں کینو کی صنعت زبوں حالی کا شکار ہے جس کی پیدوار بڑھانے کیلئے محکمہ زراعت اور ریسرچ سنٹرز کو سالانہ کروڑوں روپے کا فنڈز دیا جاتا ہے مگر افسر دفاتر سے نکلنے کو تیار نہیں، وسائل کو بے دریغ ضائع کیا جا رہا ہے ،یہی وجہ ہے کہ کینو کی پیدوار صرف چالیس فیصد رہ گئی ہے ، اسی طرح سرگودھا سونے کے کاروبار کے حوالے سے ملک کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے جہاں سابقہ دور میں انسٹی ٹیوٹ آف جیمز اینڈ جیولری بنایا گیا مگر وہ بھی ذمہ داروں کی عدم توجہی کی وجہ سے بند ہوگیا۔