ہندو یاتریوں کی آج واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آمد
لاہور(سپیشل رپورٹر)بھارت سے ہندو یاتری 5 جنوری کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان کے مطابق میر پور میتھلو(سندھ)میں واقع ہندو مذہب کے قدیمی شادانی دربار حیات پتافی کی یاترا اور شو اوتاری ،ست گورو اور سنت سوامی شادارام کے یوم پیدائش کی تقریبات کے لیے بھارت سے ہندو یاتری 5جنوری بروز اتوار واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے ۔وفاقی حکومت اور چیئرمین بورڈ سید عطا الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر جاوید اعوان نے کہا کہ ہندو یاتری 5جنوری کو پاکستان پہنچنے کے بعد براہ راست شادانی دربار حیات پتافی جائیں گے ، ہندو یاتری صوبہ سندھ میں واقع دربار حیات پتافی ،میر پور میتھلو،یوگ ماتا مندر عاقل پور، گھوٹکی،پنو عاقل،سکھر میں موجودقدیمی سادھو بیلہ مندر اور دیگر مذہبی مقامات کا دورہ اور 14جنوری کو ایک روز ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے ۔یاتری دورہ پاکستان مکمل ہونے کے بعد15جنوری کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔