میو کینسر ہسپتال کی ری ویمپنگ جلد مکمل کرنیکی ہدایت
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ میو کینسر کئیر ہسپتال مناواں کا دورہ کیا دورے کا مقصد تعمیراتی کام کا جائزہ اور ہسپتال میں موجود کینسر کے مریضوں کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
صوبائی وزیر نے پرچی کاؤنٹر، سہولت ڈیسک، کینسر ایمرجنسی وارڈ، کیموتھیراپی کلینک، فارمیسی، لیب، آنکالوجی آؤٹ ڈور، سرجیکل انکالوجی کلینک، نرسنگ کاؤنٹرز سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ میو کینسر کئیر ہسپتال میں جاری ری ویمپنگ کی جلد تکمیل کیلئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی گئی ہے ۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ میو کینسر کئیر ہسپتال مناواں پنجاب میں کینسر کے علاج و معالجہ کا سرکاری ہسپتال ہے۔ میو کینسر کئیر ہسپتال مناواں میں مریضوں کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ہسپتال ملازمین کے کنٹریکٹ کی توسیع کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ہسپتال میں سینئر فیکلٹی مریضوں کیلئے خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔