جنرل ہسپتال : ڈائلسز سنٹرمیں لیب کاؤنٹر قائم کرنے کا اعلان

جنرل ہسپتال : ڈائلسز سنٹرمیں لیب کاؤنٹر قائم کرنے کا اعلان

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کے سٹیٹ آف دی آرٹ ڈائلسز سنٹر میں 30 مشینوں پر 24/7 مریضوں کو ڈائلسز کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ برس 18 ہزار سے زائد مریضوں کے ڈائلسزکیے گئے اور اب مریضوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائلسز سنٹرمیں لیب کاؤنٹربھی قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔اس امر کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے ڈائلسز سنٹرکے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ افراد کے لئے علیحدہ علیحدہ مشینیں مختص ہیں اور ہال سمیت آنے جانے کے لئے علیحدہ راستے بھی ہیں تاکہ اس موذی مرض سے دیگر مریض متاثر نہ ہوں ۔ڈائلسز سنٹر میں تعینات ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، سکریننگ کے سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اور ڈائلسز کرانے والے مریضوں کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں