شہر میں ای ٹیکسی سکیم متعارف کرانے کی تیاریاں

شہر میں  ای  ٹیکسی  سکیم  متعارف  کرانے  کی تیاریاں

لاہور (شیخ زین العابدین) پنجاب حکومت نے جدید سفری سہولت کی طرف بڑا اقدام اٹھا لیا، ای ٹیکسی سکیم کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

 محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای ٹیکسی لانچ کرنے کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی۔ پنجاب میں جدید سفری سہولت کی فراہمی کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای ٹیکسی سکیم لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ لاہور سے شروع ہونے والے اس منصوبے میں شہریوں کو دو مختلف پیکیج میں ای ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔دستاویزات کے مطابق، ای ٹیکسی سکیم کے تحت کارپوریٹ ماڈل میں کوئی بھی کمپنی دو سے تین سو ای ٹیکسیاں حاصل کر سکے گی، جبکہ انفرادی سطح پر شہریوں کو بینک آف پنجاب کے ذریعے آسان اقساط پر یہ سہولت دی جائے گی۔محکمہ ایکسائز ای ٹیکسیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس میں 95 فیصد رعایت فراہم کریگا، مالکان کو کاربن کریڈٹ اعزازیہ بھی دیا جائیگا۔ اس منصوبے کے لئے کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، جو لاہور میں ای ٹیکسی پارکنگ ہب اور چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے لئے جگہوں کا انتخاب کریگی۔

بینک آف پنجاب منصوبے کے فنانشل اور بزنس ماڈل کی تیاری، مینوفیکچررز کی شارٹ لسٹنگ اور گاڑیوں کی تقسیم کا ذمہ دار ہوگا۔ پنجاب میں اس وقت 69 ہزار رجسٹرڈ ٹیکسیاں اور چار لاکھ 24 ہزار رجسٹرڈ ڈرائیورز موجود ہیں جبکہ روزانہ 15لاکھ افراد پرائیویٹ ٹیکسی سروسز کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائیگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریگا۔ سکیم کے حوالے سے حتمی منظوری وزیر اعلیٰ آفس سے ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں