گندم کے پیداواری مقابلے ،کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب

لاہور(کامرس رپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب نے صوبہ بھر میں گندم کے پیداواری مقابلہ جات کے پیش نظرکاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب کرلیں۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر گندم کے کاشتکاروں کے مابین صحتمندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے صوبہ بھر میں گندم کے پیداواری مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔اس پیداواری مقابلہ میں صوبائی سطح پر اول انعام85 ہارس پاور ٹریکٹر،دوئم انعام 75 ہارس پاور ٹریکٹر اور سوئم 60 ہارس پاور ٹریکٹرجبکہ ضلعی سطح پر اول آنے والے کاشتکار کو10لاکھ روپے نقد،دوئم 8 لاکھ روپے نقد اور سوئم آنے والے کو 5 لاکھ روپے نقد فراہم کئے جائیں گے ۔اس ضمن میں اہلیت کا معیار 5 یا5 ایکڑ سے زائدقابلِ کاشت اراضی کے مرد و خواتین مالکان، مشترکہ کھاتہ رکھنے والے کاشتکاران، دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی تصدیق کے بعد مزارعین و ٹھیکیداران جنہوں نے آبپاش علاقوں میں 5 ایکڑ اراضی پر گندم کاشت کی ہو یا بارانی علاقوں میں 2 ایکڑ اراضی پر منظور شدہ اقسام کے تصدیق شدہ بیج سے گندم کاشت کی ہو، ایسے کاشتکاران 17 فروری2025 تک اپنی درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) کے دفاتر میں دفتری اوقات میں جمع کرا سکتے ہیں۔