ریلوے ملازمین کی پاک فوج کے حق میں ریلی

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)ریلوے ملازمین کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی۔
پریم یونین کے زیر اہتمام واشنگ لائن سے ڈی ایس آفس کے باہر ریلی اور بعد ازاں مظاہرہ کیا گیا جس میں شرکا دہشتگردوں کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔صدر پریم یونین لاہور ڈویژن فیاض احمد شہزاد نے کہا جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں نے بزدلانہ وار کیا،دہشتگردوں کے بزدلانہ وار سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو بازیاب کر ایا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت ٹرین آپریشن بحال کرنے سے پہلے ٹریک کی حفاظت یقینی بنائے ۔اس موقع پر شہدا کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔