جشن بہاراں کی رونقیں دوسرے روز بھی عروج پر

لاہور(سٹی رپورٹر)اندرون شہر لاہور کی شاہی گذر گاہ پر جاری تین روزہ جشن بہاراں کی رونقیں دوسرے روز بھی اپنے عروج پر رہیں۔
کہیں قطار اند قطار پھولوں تو کہیں لوک فنکاروں کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔شاہی گذر گاہ پر برقی قمقمے الگ سے روشنیاں بکھیرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں میلے ٹھیلوں کا شہر کہلائے جانے والے شہر لاہور کا دہلی دروازہ اِن دنوں بقعہ نور بنا ہوا ہے۔ ہر طرف روشنیاں ہی روشنیاں آنکھوں کو خیرہ کررہی ہیں تو شاہی گذر گاہ پر شہریوں کا بھی جم غفیردکھائی دے رہا ہے۔ مختصرا ًیہ کہ یہاں جاری جشن بہاراں نے جیسے رنگ سا جما دیا ہو۔ فیسٹیول کے دوسرے روز بھی یہاں آنے والے شہری مختلف تفریحات سے دل بہلاتے رہے۔ اِن کے لیے کہیں پتلی تماشے کا اہتمام تھا تو کہیں یہ مختلف دستکاریوں میں دلچسپی لیتے ہوئے نظر آئے۔ قطار اندر قطار سجے ہوئے پھول تو الگ ہی قیامت ڈھا رہے تھے، جو واضح طور پر یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے تھے کہ پھول ہیں صحرا میں یہ پریاں قطار اندر قطار، اُودھے اُودھے، نیلے نیلے، پیلے پیلے پیراہن۔ اتوار کو تین روز جشن بہاراں کا آخری روز ہوگا۔