سنٹرل لائبریری بہاولپور ، 6کروڑ مالیت کا ٹینڈر پھرمنسوخ
لاہور(سجاد کاظمی سے )لائبریریز ونگ ایس اینڈ جی اے ڈی کے افسروں کی مبینہ نااہلی کے باعث تاریخی اہمیت کی حامل سنٹرل لائبریری بہاولپور کیلئے 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ٹینڈر تیسری مرتبہ منسوخ ہو گیا۔
تفصیل کے مطابق لائبریری میں فرنیچر، کتب، آئی ٹی سامان، الیکٹرک ٹرانسفارمر سمیت دیگر اشیا کی خریداری کیلئے رواں سال 3 مرتبہ ای ٹینڈر نوٹس پیپرا کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا، تاہم ہر بار کسی نہ کسی غلطی یا خلاف ورزی کے باعث یہ ٹینڈر کینسل ہو گیا۔ پہلی بار 9 مارچ کو چیف لائبریرین ڈاکٹر جاوید اقبال کی جانب سے اپلوڈ کیا گیا ٹینڈر ٹوٹل رقم سمیت دیگر تکنیکی غلطیوں کی وجہ سے واپس لے لیا گیا، جس کا جواز ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کی میٹنگ بتایا گیا۔ بعد ازاں 21 مارچ کو جاری کئے گئے دوسرے ٹینڈر پر پیپرا نے اعتراض لگایا کہ محکمہ نے برانڈ نیم درج کرکے پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ تیسری مرتبہ 6 اپریل کو ٹینڈر اپلوڈ کیا گیا مگر اس بار شرائط و ضوابط میں تفریق کی بنیاد پر پیپرا نے اسے بھی منسوخ کر دیا۔ پنجاب کی بیشتر سرکاری لائبریریوں میں پہلے ہی بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے ایسے میں محکمہ لائبریریز کے افسروں کی مبینہ نااہلی کے باعث رواں مالی سال کے اختتام تک بھی مطلوبہ سامان کی خریداری مکمل نہ ہونے کا خدشہ ہے ۔