لاہور چیمبر کا وفاقی بجٹ کی بعض تجاویز پر تحفظات کا اظہار

لاہور چیمبر کا وفاقی بجٹ کی بعض تجاویز پر تحفظات کا اظہار

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پریس کانفرنس میں ایران سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستانی قوم ایران کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

مزید برآں لاہور چیمبر نے وفاقی بجٹ 2025-26 میں شامل بعض تجاویز، بالخصوص شق 37AA پر کاروباری برادری کے سنگین تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ پریس کانفرنس کی صدارت لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کی جبکہ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق صدور میاں انجم نثار، محمد علی میاں اور سابق نائب صدر فہیم الرحمٰن سہگل بھی شریک ہوئے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ انہوں نے اسرائیل کو عالمی امن کیلئے ناسور قرار دیا۔ مزید برآں پریس کانفرنس کے شرکا نے انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 37AA پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس کے تحت ایف بی آر کو بغیر وارنٹ گرفتاری سمیت غیر معمولی اختیارات دئیے گئے ہیں۔ شرکا نے خبردار کیا ایسے اقدامات کاروباری ماحول میں خوف، عدم اعتماد اور بے یقینی کو جنم دیں گے ۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کاروباری طبقہ قربانی کا بکرا نہیں اور بیوروکریسی کی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے انہیں استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہر روز تقریباً چار ارب روپے سپیڈ منی کی صورت میں کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں ایف بی آر افسروں کے درمیان مبینہ رشوت کے تنازع پر اسلحہ نکالنے کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا اس پر کوئی کارروائی کی گئی ؟۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں