شاہراہ نظریہ پاکستان پر غیر قانونی روڈ کٹس ،ٹریفک متاثر

لاہور (شیخ زین العابدین)شاہراہ نظریہ پاکستان پر غیر قانونی روڈ کٹس کے باعث ٹریفک متاثراور حادثات میں اضافہ ہو گیا۔ روزنامہ دنیا سروے کے مطابق شاہراہ نظریہ پاکستان، جہاں 74 کروڑ 38 لاکھ روپے خرچ کر کے سگنل فری کوریڈور تو بنا دیا گیا۔
لیکن منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود سڑک غیر محفوظ، بے ہنگم اور بے یارومددگار چھوڑ دی گئی۔سڑک پر جگہ جگہ غیر قانونی روڈ کٹس بنا دئیے گئے ہیں۔کسی جگہ پٹرول پمپ، کہیں نجی ریسٹورنٹ اور کہیں برانڈڈ کمپنیزکے آؤٹ لیٹس کے سامنے بغیر کسی منظوری کے روڈ کٹس بنا دئیے گئے ۔سب سے سنگین صورتحال ایوب چوک پر سامنے آئی، جہاں پروٹیکٹڈ یوٹرن کے عین سامنے دونوں اطراف غیر قانونی کٹس بنے ہوئے ہیں۔ صورتحال واضح کرتی ہے کہ ایل ڈی اے اور ٹیپا کی مبینہ ملی بھگت کے بغیر یہ ممکن ہی نہیں۔ماہرین کے مطابق پروٹیکٹڈ یوٹرن کے اطراف کم از کم 300 میٹر کا زون ہونا چاہیے جہاں کوئی کٹ نہ ہو،لیکن یہاں 30 سے 40 فٹ کے فاصلے پر ہی روڈ کٹس بنا دئیے گئے ہیں ۔ ان غیر قانونی کٹس نے حادثات میں اضافہ، سڑک پر بدنظمی اور مسلسل ٹریفک جام کو معمول بنا دیا ۔شہریوں کی طرف سے مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ تمام غیر قانونی روڈ کٹس فوری بند کئے جائیں، ایل ڈی اے ، ٹیپا اور متعلقہ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے ۔