کینال روڈ پرٹرام منصوبے میں جیل روڈ انڈرپاس رکاوٹ
لاہور(شیخ زین العابدین)الیکٹرک ٹرام کو لاہور کی کینال روڈ پر چلانے کے لیے حکومت نے بڑا فیصلہ تو کرلیا مگر اب منصوبہ کئی تکنیکی رکاوٹوں کے باعث سست روی کا شکار ہوگیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کینال روڈ کے تمام انڈر پاسز ایک ہی لین یا الائنمنٹ میں واقع نہیں، جس کے باعث ٹریک بچھانے میں رکاوٹیں سامنے آ رہی ہیں۔ سب سے بڑی تکنیکی مشکل جیل روڈ انڈر پاس ہے جو ایک ہی سمت میں نہ ہونے کی وجہ سے پورے روٹ کو متاثر کرتا ہے۔ اسی تناظر میں پنجاب حکومت نے جیل روڈ انڈر پاس کو بائیں سے دائیں منتقل کرنے کی پلاننگ شروع کر دی ہے، تاکہ ممکنہ الائنمنٹ کو سیدھا کیا جا سکے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اس وقت کینال روڈ کے انتہائی بائیں جانب ٹرام چلانے کی تجویز پر غور کر رہا ہے تاکہ دیگر لینز اور ٹریفک متاثر نہ ہو۔اس مقصد کے لیے بس سٹاپس کے آگے سڑک کی چوڑائی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ٹرام کے لیے جگہ بنائی جا سکے ۔ٹرام منصوبے کے لیے ڈپو کی تعمیر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب کرنے پر غور جاری ہے، جبکہ جلو سے ہربنس پورہ تک زیر زمین سڑک نکالنے کا ایک الگ منصوبہ بھی زیر غور آچکا ہے۔